قرآں کا پیغام

حق کا اونچا نام ہو، قرآں کا پیغام

ہر جا خاص و عام ہو، قرآں کا پیغام

 

سچائی کی راہ کا، ہادی ہے قرآن

اخلاقی أقدار کا، بانی ہے قرآن

ربانی فرمان کا، نادی ہے قرآن

 

مضبوطی سے تھام لو، خالق کا انعام

ہر جا خاص و عام ہو، قراں کا پیغام

☆☆☆☆☆

روشن جس کے فیض سے، انساں کی تقدیر

چمکی جس کے نور سے، عالَم کی تصویر

ہر سو جس کے فیض سے، عرفاں کی تنویر

 

نورانی قرآن ہے مالک کا پیغام

ہر جا خاص و عام ہو، قراں کا پیغام

☆☆☆☆☆

بھائی چارہ عام ہو۔ قرآں کی تعلیم

سچائی ہر گام ہو، قرآں کی تعلیم

انساں کا اِکرام ہو، قرآں کی تعلیم

 

قرآنی اعلان ہے، اِک رب کا انعام

ہر جا خاص و عام ہو، قراں کا پیغام

☆☆☆☆☆

سچائی کی جیت ہے، سچائی کی جِیت

سچائی کو مان، جَپ! سچائی کے گیت

سچ کا دامن تھام تو، بن جا رب کے مِیت

 

 بَن، رب کا مہمان تو، پِی کر سچ کا جام

ہر جا خاص و عام ہو، قراں کا پیغام

☆☆☆☆☆

عزت پر اسلام کی، باطل کی یلغار

امت پر اسلام کی، بہتاں کی بھرمار

قرآں کی تقدیس پر، جملے دل آزار

 

روکو، حق کے داعیو! باطل کا الزام

ہر جا خاص و عام ہو، قراں کا پیغام

☆☆☆☆☆

 

اشتراک کریں

Leave a Comment