امی میری روح تو، تو ہے میری جان
خدمت تیری میں کروں، ہر لمحہ ہر آن
بادل سی رِفعت لئے، امی تیرا پیار
ساگر سی وُسعت لئے، امی تیرا پیار
پھولوں سی نِکہت لئے، امی تیرا پیار
جھومے جس سے کو بہ کو، یہ تیری سنتان
امی میری روح تُو، تُو ہے میری جان
چلنا سکھلایا مجھے، بازو میرا تھام
مجھکو، ہر دُکھ جھیل کے، پہنچایا آرام
ممتا کے آنچل تلے، تیری شفقت عام
امی مجھ پہ چار سُو، ہے تیرا احسان
امی میری روح تو، تو ہے میری جان
تو نے سکھلائے مجھے، جینے کے آداب
اخلاقی اَقدار کے ہر وہ سچے باب
چمکوں جن کے فیض سے، میں مثلِ مہتاب
امی تیری ذات ہے قدرت کا وردان
امی میری روح تو، تو ہے میری جان
تیری مرضی میں نِہاں، رب کی مرضی ماں
تیرے ہی دم سے عّیاں، عزت میری ماں
تیرے قدموں میں رَواں، جنت میری ماں
ہے رب کا فیضان تُو، یہ میرا ایمان
امی میری روح تو، تو ہے میری جان
رحمت، اُلفت، پیار کی، تُو سچی تصویر
شفقت اور اخلاص کی، تُو سچی تصویر
ٹھنڈک ہے تُو آنکھ کی، تُو دل کی تنویر
خدمت تیری میں کروں، ہر لمحہ ہر آن
امی میری روح تو، تو ہے میری جان