سراپا نور ہے قرآں ہدایت کا خزانہ ہے
خدا کی سب کتابوں میں مقام اس کا یگانہ ہے
خدا کا معجزہ بن کر یہ مشہور زمانہ ہے
یہی قرآن حق ہے اور باقی سب فسانہ ہے
ہدایت کا یہ سر چشمہ محمد پہ ہوا نازل
خدا اس کی تلاوت سے کرے سب کا منور دل
معانی کا سمندر ہے کلاموں میں یہ اعلیٰ ہے
دلالت میں صداقت میں حقیقت میں یہ بالا ہے
خدا کے نیک بندوں کےگلستاں کا یہ لالہ ہے
کتاب آسمانی میں سبھی سے یہ نرالا ہے
سکون دل اسی قرآ ن کے پڑھنے سے ہے حاصل
خدا اس کی تلاوت سے کرے سب کا منور دل
وہی بہتر جو ہیں مصروف قرآں کے سکھانے میں
تلاوت میں تعلم میں عمل کرنے کرانے میں
یہی قرآن باعث ہے جہنم سے بچانے میں
قیامت میں معاون ہوگا یہ رب کو منانے میں
خسارے میں رہیں گے وہ جو ہیں قرآن سے غافل
خدا اس کی تلاوت سے کرے سب کا منور دل